مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ازبکستان کے صدر شوکت میرضایف نے ایران کے دورے پر تہران میں اعلی سطحی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر رئیسی نے کہا کہ ایران اور ازبکستان کے درمیان تاریخی تعلقات کی جڑیں عوام میں ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی وسیع گنجائش کو دیکھتے ہوئے مختلف شعبوں میں مزید توسیع دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بیس سال بعد کسی ازبک صدر کے دورہ ایران کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کا حجم تین ارب ڈالر تک پہنچنا نیک شگون ہے۔ متعلقہ شعبوں کے وزراء کو چاہئے کہ ترجیحی بنیادوں پر تجارتی سامان اور اشیاء کی فہرست تیار کریں۔ ایران ازبکستان کے ساتھ تجارتی روابط کے لئے پرعزم ہے۔ تاشقند میں ہونے والی نمائش میں ایرانی کمپنیوں کی شرکت اس کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے پابندیوں کو فرصت میں تبدیل کیا ہے۔ ان تجربات کو ازبکستان کے ساتھ تبادلہ کرنے پر تیار ہیں۔ ایران اور ازبکستان کے درمیان تعلقات میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ازبکستان کے صدر شوکت میرضایف ایران اور ازبکستان کے درمیان سردمہری کی ذمہ داری سابق حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔ ایران نے پابندیوں کے باوجود کئی شعبوں میں قابل ذکر ترقی کی ہے جوکہ ازبکستان کے لیے قابل تقلید ہے۔
انہوں نے ایران کے ساتھ تجارت، تعلیم، توانائی، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تاکید کرتے ہوئے ایرانی کمپنیوں اور مختلف شعبوں میں فعال افراد کو ازبکستان کے اقتصادی منصوبوں میں شرکت کی دعوت دے دی۔
آپ کا تبصرہ